سٹی 42 : کورونا وائرس عالمی وبا بن چکا ہے،اس وائرس سے اب تک 17 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں،ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں،اب تک 4 لاکھ 45 ہزار افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک 86 افراد جاں بحق اور 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے لیے انتہائی ہولناک دن رہا، ایک ہی دن میں 15 اموات اور 244 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک ہونے والی 86 ہلاکتوں میں سے سندھ میں 28 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 31 اور پنجاب میں 21 اموات ہوچکی ہیں۔
جیسے جیسے کورونا وائرس کی تباہ کاریاں بڑھتی جارہی ہیں لوگوں میں اضطراب بھی بڑھتا جارہا ہے،غلط ملط تھیوریاں بھی زیر گردش ہیں،ہر شخص اپنے دماغ کے مطابق سوچتا ہے اور اسی کے تحت دوسروں کو قائل کرنے کی کوشش بھی کرتا دکھائی دیتا ہے۔حال ہی میں ایک سروے کیا گیا جس میں پاکستانیوں نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ۔
مارکیٹ ریسرچ کے ادارے اپساس نے کورونا وائرس کے حوالے پاکستان میں ایک سروے کیا ہے جس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں لوگوں سے کورونا وائرس کے حوالے سے مختلف سوالات کیے گئے۔ اس سروے میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ پاکستانی عوام میں کس حد تک کورونا سے متعلق غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں اور وہ کتنی آگاہی رکھتے ہیں۔
سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ ہر 5 سے 2 پاکستانی سمجھتے ہیں کہ یہ وائرس امریکا اور اسرائیل کی سازش ہے۔ سروے میں شامل 43 فیصد لوگوں نے اسے سازش قرار دیا اور کہا کہ یہ ہمیں کمزور کرنے کے لیے تیار کی گئی۔ اسے سازش سمجھنے کی بنیادی وجہ اکثریت کا یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر پر موجود جھوٹی معلومات پر اعتبار کرنا ہے۔
تاہم سروے کے نتائج میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پاکستانیوں کی بڑی اکثریت یعنی 90 فیصد کورونا سے بچاؤ کے لیے ہاتھ دھونے ضروری ماسک پہننے کو اہم سمجھتے ہیں مگر صرف 48 فیصد نے یہ کہا کہ رش والی جگہوں سے بچنا ضروری ہے۔ 82 فیصد افراد نے یہ رائے دی کہ پانچ وقت وضو کرنے والے شخص کوکورونا وائرس متاثر نہیں کر سکتا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وضو صفائی برقرار رکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے مگر اس وائرس کو صرف پانی سے ختم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ کیونکہ یہ ایک پروٹین مولیکیول ہے جس کی چربی صابن کے کیمیکل سے پگھلتی ہےتو یہ وائرس ختم ہو جاتا ہے۔سروے کے مطابق 39 افراد یہ بھی سمجھتے ہیں کہ جو مائیں نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلاتے وقت وضو میں ہوتی ہیں ان کے بچوں کو کورونا وائرس متاثر نہیں کر سکتا اور یہ بھی بالکل غلط تصور ہے۔
مندرجہ بالا غلط فہمیوں کے علاوہ 67 فیصد پاکستانی سمجھتے ہیں کہ بھاپ لینے سے کورونا حملہ نہیں کرتا اور 58 فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ موسم گرما کے آنے سے کورونا کا خاتمہ ہو جائے گا جب کہ 26 فیصد سمجھتے ہیں کہ کورونا وائرس سے 40 سال کے کم عمر افراد کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔ 37 فیصد لوگوں نے یہ بھی کہا کورونا وائرس جان لیوا ہے اس سے بچنے کی گنجائش نہیں۔50 فیصد پاکستانیوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ ایشیائی قوم کی قوت مدافعت دوسری قوموں کے مقابلے میں مضبوط ہے کیونکہ وہ ان جانوروں کا گوشت نہیں کھاتے جو حرام ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم اس کے باوجود مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔لاک ڈائون کی وجہ سے تمام کاروبار بند ہیں،گاڑیوں کا پہیہ جام ہے اور پروازیں بھی لاک ہیں۔سکولوں،کالجوں،یونیورسٹیوں میں چھٹیاں ہیں،دفاتر میں کام ٹھپ پڑا ہے۔کھیلوں کے میدان سنسان ہیں تو تفریح کے مقامات پر ویرانی چھائی ہوئی ہے۔