(اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن نےسفید پوش خاندانوں کی مالی امداد کے لئے قرض حسنہ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کر دیا، یونیورسٹی اساتذہ کی معاونت سے قرض حسنہ دیاجائے گا۔
پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کورونا وائرس میں یونیورسٹیوں کے سماجی کردار پر ورچوئل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ورچوئل کانفرنس میں چئیرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے خصوصی شرکت کی ،صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، سیکرٹری جاوید سمیع، ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محموداور یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیوں کے اساتذہ کانفرس میں موجود تھے۔
ورچوئل کانفرنس میں اساتذہ نے نچلے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد جو ہاتھ پھیلانا مناسب نہیں سمجھتے کیلئے پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن قرض حسنہ فنڈ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیاہے۔ آسا کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ممتازانور چوہدری نے کہا ، ہمیں اپنے ارد گرد پائے جانے والے مستحق افراد کی ترجیحی بنیادوں پر مدد کرنی چاہئے،کورونا وائرس کے نتیجے میں پیدا شدہ بحران سے نمٹنے کے لئے یونیورسٹیوں کو اہم کردار ادا کرنا ہے ، اس بحران کی مختلف جہتیں ہیں جو مختلف سنگین مسائل پیدا کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ تین ملین ایسے خاندانوں کا ڈیٹا موجود ہے جن کا تعلق نچلے متوسط طبقے سے ہے۔ان خاندانوں کوبحران میں گزارا کرنے کے لئے پیسوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث معاشی محاذ پر بھی ایک جنگ شروع ہو گئی ہے،پنجاب یونیورسٹی قرض حسنہ فنڈ قائم کرتی ہے تو تکنیکی معاونت کریں گے۔