(سٹی 42) تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگ گیا، پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چودھری نے استعفیٰ دیدیا۔
تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چودھری نے اپنا استعفیٰ واٹس ایپ کے ذریعے پارٹی چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی، سیکرٹری جنرل ارشد داد کو بھجوا دیا،پی ٹی آئی رہنما کے استعفے سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز احمد چودھری پنجاب حکومت سے خاصے خائف تھے، پی ٹی آئی رہنما نے قیادت سے شکوہ کیا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتے ہوئے بھی کام نہ ہو تو پھر کیا کیا جاسکتا ہے، مجھ سمیت کارکنوں کو حکومت نظر انداز کر دیتی ہے۔
اعجاز چودھری نے اپنے استعفیٰ میں کہا کہ کام نہ ہونے کے باعث شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کارکنوں میں بھی مایوسی اور بد دلی پھیل رہی ہے، ایسے حالات میں کام جاری نہیں رکھ سکتا۔