(درنایاب) ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے ریکوری کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی، 15 اپریل سے تمام نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، واسا نے 56 کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کو 89 ملین کے واجبات کی عدم ادائیگی پر نوٹس جاری کردیا۔
مینجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز نے واسا ہیڈ آفس میں بریفنگ کے دوران کہا کہ واسا نے ان تمام سوسائیٹز جن میں واپڈا ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس، ایلفا ایونیو، بینکرز ہاؤسنگ سوسائٹی، ایجوکیشن ٹاؤن، ہائیکورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، ملٹری اکاؤنٹس، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، ابدالین ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر سوسائٹیز کو عدم ادائیگی واجبات پر فائنل نوٹس جاری کر دیئے ہیں جن میں ان سوسائٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی قانونی چارہ جوئی سے بچنے کیلئے اپنے ذمے واجب الادا رقم 15 اپریل تک ادا کر دیں۔
ڈائریکٹر ریونیو نے بتایا کہ 56کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو 16کروڑ 40لاکھ سے زائد مالیت کے بل جاری کر دیئے ہیں جن میں سے 3کروڑ 40لاکھ وصول کر لیے گئے ہیں جبکہ 56پرائیویٹ سوسائٹیوں کو 11کروڑ روپے کے بل جاری کیے ہیں جن میں سے 5کروڑ وصول کر لیے گئے ہیں، اسی طرح سروس اسٹیشنز ایکوا فائر کی مد میں 310سروس اسٹیشن کو بل جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ ان میں سے 200صارفین نے بل ادا کر دیئے ہیں اور تقریباً 110 باقی ہیں، ایم ڈی واسا نے کہا کہ مقررہ تاریخ تک عدم ادائیگی کی صورت میں پانی و سیوریج کے کنکشن کاٹ دیئے جائیں گے اور ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔