(ویب ڈیسک) موسم گرما میں جلد کی حفاظت بہت ضروری ہے،جلد کی رنگت اور خوبصورتی ہی چہرے کی خوبصورتی کو بڑھاتی ہے۔
چہرے کی جلد کو غیرضروری چکنائیوں ، دھول مٹی اور گرد و غبار کے اثرات سے بچانے کے لئے دن میں ایک بار کلینزنگ ضروری ہے، موسم گرما میں دھوپ کی تپش نہ صرف جلد کو جھلسا دیتی ہے بلکہ رنگ بھی سیاہ ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے چہرے کی شادابی بھی ختم ہو جاتی ہے۔
اس لیے سب سے پہلے تو گرمی سے بچنے اور چہرہ تر وتازہ رکھنے کے لیے تین سے چار مرتبہ چہرہ دھوئیں،انگور کے رس میں روئی بھگو کر چہرے پر لگائیں۔ ٹھنڈا پانی چہرے پر بار بار ڈالیں یہاں تک کہ ٹھنڈک اور سکون کا احساس ہونے لگے۔ اور اپنی جلد کی نوعیت کے مطابق اس کا خیال رکھیں۔
چکنی جلد کی خواتین کو چہروں پر دانے، کیل مہاسے کی شکایت رہتی ہے۔ اسی جلد کے لیے ملتانی مٹی کا ماسک بہترین ہے، اس کے علاوہ نیم کے پتوں کو اُبال کر ٹھنڈا کرکے اس سے منہ دھوئیں، اس سے کیل مہاسوں میں کمی آتی ہے۔ کیلے کا ماسک بھی ان کی اسکن کے لیے بہترین ہے۔
خشک جلد کی حامل خواتین جلد پر شہد، زیتون کا تیل، عرق گلاب ملا کر لگائیں۔ اس سے جلد کی خوبصورتی برقراقر رہتی ہے۔ خشک جلد کے لیے کلینزفیس واش استعمال کریں۔
اسکے ساتھ ساتھ متوازن غذا کے استعمال کو یقینی بنائیں اور ایسی غذا استعمال کریں جو وٹامنز ، منرلز اور پروٹین سے بھرپور ہوں ۔ یہ غذائیں جلد کے مسائل سے دوچار ہونے سے بچاتی ہیں اور جلد کو تازگی اور چمک فراہم کرتی ہیں ۔ جسم میں پانی کی مناسب مقدار بھی جلد کو تروتازہ رکھنے اور چہرے پر جھریاں پڑنے سے بچانے میں مدد دیتی ہے لہٰذا دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کرنا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے ۔ جلد کی حفاظت کے لیے ان تمام چیزوں کے ساتھ ساتھ سورج کی شعاعوں سے تحفظ بھی ضروری ہے ۔