ویب ڈیسک: حکومت نے 15سال تک کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، ویکسی نیشن کا آغاز 13ستمبر سے ہوگا۔
کورونا وائرس کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان نے کوروناویکسی نیشن کیلئےعمر کی حد میں مزید کمی کرتے ہوئے 13 ستمبر سے 15 سال عمرکےبچوں کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 15 سے 18 سال عمر کے شہریوں کو صرف فائزر ویکسین مفت لگائی جائے گی۔ بچوں کا رجسٹریشن سرٹیفیکٹ (فارم ب نمبر )لازماً درکار ہو گا۔
ویکسینیشن سرٹیفکیٹ موجودہ نظام کے تحت ہی حاصل کیا جا سکے گا۔ این سی او سی کا مزید کہنا تھا کہ تمام مرکزی ویکسین سینٹر ز پہ فائزر ویکسین 15 - 18 سال شہریوں کے لیے موجود ہو گی جبکہ موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بھی سکول وکالجوں میں 15- 18 سال کے طلبا کو ویکسین لگائیں گی۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 480 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 1 ہزار 367ہوگئی، اس دوران مزید 82 افرادا نتقال کرگئے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار 662ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 63 ہزار 181 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 5.50 فیصد رہی۔