کینال بینک روڈ (اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی میں آن لائن کلاسز لینے والے طلبا کی فیسوں پر 50 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، طلبا کو آن لائن اور فیس ٹو فیس دونوں طرح کی کلاسز کی پیشکش کی جائے گی۔
یونیورسٹی ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں آن لائن کلاسز کو ترجیح دینے والے طلبا کو فیس میں پچاس فیصد رعایت ملے گی، آن لائن کلاسز والے طلبا کیلئے یونیورسٹی مکمل کھلنے پر خصوصی کلاسز اور لیب ورک کا بھی اہتمام کیا جائے گا، طلبا کو 2نومبر سے15 دسمبر تک ہاسٹل کی سہولت میسر رہے گی۔
یونیورسٹی کھلنے کا فیز تھری 16 دسمبر سے شروع ہو گا، کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد ہو گا، ہاسٹل کی سہولت صرف تمام واجبات ادا کرنے والے طلبا کو ملے گی، طلبا اپنے قریبی بینکوں میں فیس جمع کرائیں گے، ہاسٹل کا کوئی بھی رہائشی اپنے کسی مہمان کو نہیں ٹھہرا سکے گا۔
یونیورسٹی کنٹینوں میں صرف ٹیک اوے کی سہولت ہو گی، کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں ریفر کیا جائے گا، سٹوڈنٹ ٹیچر سنٹر میں مشتبہ مریضوں کے لئے علیحدگی سنٹر قائم کیا جائے گا۔
دوسری جانب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 15 ستمبر سے سرکاری یونیورسٹیز کھولنے کی پالیسی فائنل کرلی، یونیورسٹیوں میں ایم فل، پی ایچ ڈی اور بی ایس آنرز ساتویں سمسٹر کے طلبا کیلئے کلاسز ہوں گی، صرف 30 فیصد طلبا کو یونیورسٹی بلایا جائے گا۔
پالیسی کے مطابق دوسرے، تیسرے، چوتھے، پانچویں اور چھٹے سمسٹرز کی کلاسز آن لائن ہوں گی، یونیورسٹیوں کے ہاسٹلز صرف ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کیلئے کھولے جائیں گے، یونیورسٹیوں کے کلاس روم میں ہونے والے لیکچرز بیک وقت آن لائن بھی ہوں گے۔