(عمر اسلم) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بابائے قوم کی 71 ویں برسی پر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی انتھک جدوجہد سے علامہ اقبال کےخواب کو عملی تعبیر دی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاکہ قائداعظم کی بصیرت ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید قوت سے اپنی سچائی کو ثابت کر رہی ہے، آج ہم جس آزادی کی نعمت سے سرفراز ہیں، یہ ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ قائداعظم کا مشن ہم نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کو عظیم اسلامی فلاحی مملکت بناکر پورا کرنا ہے، قائداعظم کی عظیم جدوجہد ہمیں پاکستان کی تعمیر و ترقی کا بے مثال درس دیتی ہے، جبکہ قائداعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیں اخوت، اتحاد اور قومی وملی جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں پاکستان کو قائداعظم، علامہ اقبال، مشاہیر پاکستان اور مسلمانان برصغیر کے خوابوں کی حقیقی تعبیر بنائیں گے۔