اکمل سومرو: لاہور سمیت پنجاب کے 18 لاکھ سے زائد طلباء میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے منتظر، پنجاب حکومت کی جانب سے پرموشن پالیسی منظور نہ ہونے کے باعث نتائج التواء کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان نہ ہونے کے باعث کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلے التوا کا شکار ہیں۔ 18 لاکھ سے زائد طلبا انتظار کی سولی پر لٹک گئے، طالبعلم ایک ماہ سے پنجاب حکومت کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ بورڈزچیئرمینز کمیٹی نےنتائج کا اعلان پرموشن پالیسی کی منظوری سےمشروط کررکھاہے جبکہ پنجاب حکومت تعلیمی بورڈز کیلئے پرموشن پالیسی کی منظوری نہ دےسکی۔
دوسری جانب لاہور سمیت ملک بھر میں آج سےتعلیمی ادارے سو فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئے ہیں۔ این سی او سی نے کورونا کیسز کم ہونے پر تمام تعلیمی اداروں کو ہفتے میں چھ دن مکمل حاضری کے ساتھ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ بیماری کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی دوری اپنائی جائے گی۔ سکول میں بچوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور اس کو یقینی بنانا تعلیمی اداروں ذمہ داری ہوگی۔
بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں سکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔