( رضوان نقوی ) پنجاب میں گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت چیف سیکرٹری آفس میں اجلاس ہوا، اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا اور چینی کے نرخوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے غیر روایتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رواں ماہ 47 افراد کو گرفتارکرکے 42 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے جبکہ ناجائز منافع خوری پر 60 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کو کہا کہ سبزیوں کی دستیابی کے حوالے سے فعال کردار ادا کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے صوبہ میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ فلور ملز کو سبسڈائزڈ سرکاری گندم کی فراہمی، پسائی اور مارکیٹ میں سپلائی کے عمل کی مکمل نگرانی کی جائے، جو ملز سرکاری گندم کی پسائی نہیں کرتیں ان کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ پرائس کنٹرول کے سلسلے میں ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔