( شاہد ندیم ) معروف روحانی شخصیت حضرت حافظ شمس الدین المعروف شاہ شمس قادری رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز رسم غسل کی ادائیگی سے ہوگیا۔
جی او آر کے علاقے شمس قاری آبادی میں تین روزہ تقریبات کے آغاز پر رسم غسل منعقد ہوئی جس میں سجادہ نشین عبدالرحمان سمیت زائرین اور عقیدت مند شریک ہوئے، محفل غسل میں مختلف نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ جبکہ ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
عرس کی تقریبات کے دوران مزار شریف پر محفل سماع کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں نامور قوال حضرات اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریبات کے دوران زائرین اور عقیدت مندوں میں لنگر بھی تقسیم کیا جائیگا۔