شہر کو روشن کرنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑنے لگا

شہر کو روشن کرنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑنے لگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد ) شہر کی سڑکوں کو روشن کرنے کا منصوبہ حکام بالا کی توجہ کا منتظر، کمشنر لاہور نے 20 کروڑ 80 لاکھ کی تجاویز پر 8 کروڑ 88 لاکھ خرچ کرنے کی اجازت دے دی، شاہراہوں کی 35 فیصد اسٹریٹ لائٹس روشن ہوسکیں گی۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن اور زونز نے شہر میں 2 لاکھ 61 ہزار 6 سو 58 پوائنٹس کو روشن کرنے کے لیے 20 کروڑ 80 لاکھ کی تجاویز تیار کررکھی ہیں، جن میں سے صرف 35 فیصد پوائنٹس ہی روشن ہوسکیں گے۔ کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر آصف بلال لودھی نے 8 کروڑ اٹھاسی لاکھ کی منظوری دی جس سے شہر کی صرف پینتس فیصد اسٹریٹ لائٹس ہی روشن ہونگی۔ نو زونز کے افسران نے اسٹریٹ لائٹس خریداری کا 20 کروڑ روپے کا تخمینہ ہیڈ کوارٹر کو بجھوایا۔

راوی زون کی مرکزی شاہراہوں اور یونین کونسلز میں ایک کروڑ 82 لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا، جہاں اب صرف ایک کروڑ لگائے جائیں گے، شعبہ انفراسٹرکچر گلبرگ زون میں 3 کروڑ 70 لاکھ 97 ہزار کی بجائے ایک کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ شبعہ انفراسٹرکچر نشتر زون ایک کروڑ 90 لاکھ 25 ہزار روپے کی بجائے ایک کروڑ اٹھائیس لاکھ روپے جبکہ شالامار زون میں 2 کروڑ 79 لاکھ 54 ہزار روپے کی بجائے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لگائے جائیں گے۔

شعبہ انفراسٹرکچر سمن آباد زون 3 کروڑ 60 لاکھ 95 ہزار کی بجائے ایک کروڑ روپے جبکہ واہگہ زون میں 70 لاکھ کا تخمینہ کی بجائے ساٹھ لاکھ روپے لگائے جائیں گے۔ عزیز بھٹی زون نے ایک کروڑبجائے اسی لاکھ، علامہ اقبال زون نے 3 کروڑ 10 لاکھ 75 ہزار کی بجائے ایک کروڑ روپے اور داتا گنج بخش زون کے ایک کروڑ 50 لاکھ 21 ہزار کے فنڈز کی بجائے صرف ایک کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

اسٹریٹ لائٹس کی خریداری پنجاب حکومت کی میونسپل سروسز پروگرام کے تحت کی جا رہی ہے۔ پروگرام کے تحت تشکیل کردہ ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ کوارڈینیشن کمیٹی کی اجازت سے ٹینڈرز لگائے جارہے ہیں۔