(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے آلودگی پیدا کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف بھر پور آپریشن کرنے کاحکم دے دیا، عدالت نےسموگ سے بچاؤ کیلئے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے واٹر کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد سے متعلق کیس کی سماعت کی، ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز سمیت دیگر افسران پیش ہوئے، پانی کے تحفظ کے حوالے سےاقدامات بارے رپورٹ پیش کی گئی، واٹر کمیشن کی جانب سے سید کمال حیدر ایڈووکیٹ نے رپورٹ عدالت میں پیش کی، انہوں نے بتایا کہ شہر کی چار اہم مساجد میں وضو کے پانی کے تحفظ کے لیے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے۔
ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے عدالت کو پانی کے تحفظ اور بی آر بی سے ٹھوکر تک نہر کی صفائی، پانی کے میٹروں کی درآمد اور دیگر متعلقہ امور بارے آگاہ کیا، عدالت نے حکم دیا کہ پانی کے میٹرو ں کی درآمد اور ان کی درآمدی ڈیوٹی کم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات تیز کیے جائیں، کسی متعلقہ محکمہ کی طرف سے مشکل ہیش آئے تو عدالت کو آگاہ کیا جائے۔
جس شاہد کریم نےحکومت کی جانب سے سموگ کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، ریمارکس دئیے کہ لگتا ہے حکومت کی ترجیحات تعلیم اور صاف پانی نہیں کچھ اور ہی ہیں۔
جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت واٹرٹینکس میں مچھلیاں چھوڑ کر ڈینگی لاروا پر قابو پانے بارے تجویز بھی دی، عدالت نے پانی کے تحفظ پر مامور افسران کو تبدیل نہ کرنے اور مزید اقدامات بارے عمل درآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔