(سعود بٹ) وفاقی مشیر داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ آج تاریخی دن ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر احتساب عدالت نے فرد جرمُ عائدکردی ہے۔فرد جرم میں ان پر الزامات عائد کیے گئے، شہباز شریف کے پاس کوئی جواب نہیں، پوچھا جائے تو کہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر ہوں، نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں۔
ایوان وزیراعلی میں وفاقی مشیر داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہونے کو اہم پیش رفت قرار دے دیا۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اکتیس صفحات پرمشتمل اکاون الزامات پرمبنی فردجرم عائد کی گئی ہے۔ یہ فرد جرم اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے جتنی بھی معلومات بتائیں وہ درست ہیں۔ چارج شیٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں، کرپشن اور ٹی ٹیز کے ذریعے کرپشن کاالزام ہے۔ اب یہ کیس آگے بڑھے گا اور چار سے پانچ ماہ میں اس کا فیصلہ ہوجانا چاہئے۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کوکبھی اقتدار میں کمر درد نہیں ہوئی اب یہ ٹرائل میں تاخیر کیلئے حربے استعمال کریں گے۔ تحریک انصاف کو احتساب کا مینڈیٹ ملا ہے، عمران خان کسی کو این آر او نہیں دے گا۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کی برطانیہ سے واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں۔
مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم ڈانواں ڈول ہے۔ سب جماعتیں ایک پیج پر نہیں، بلاول نے تو مریم سے ملنے سے ہی انکار کردیا۔ بعد میں اصرار پر چائے کیلئے وقت دیا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ جہانگیر ترین ڈیل کی مدد سے واپس آئے ہیں ہماری طرف سے نوازشریف بھی ایسی ڈیل سے واپس آجائیں۔