راؤ دلشاد حسین: میونسپل سروسز کی عدم فراہمی، 10 ہزار9 سو94 شہریوں نے مسائل کے حل کے لیے پاکستان سٹیزن پورٹل کا رخ کرلیا، ایم سی ایل کا شعبہ انفراسٹرکچرشہریوں کی شکایات کونظرانداز کرنے میں بازی لے گیا۔
پاکستان سٹیزن پورٹل پرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوموصول ہونے والی شکایات نے میونسپل سروسز کی فراہمی کے دعوے کی قلعی کھول دی، ایم سی ایل، زونز، جنرل بس اسٹینڈز، چیف کارپوریشن آفیسراورشعبہ انفراسٹرکچرکے ستائے شہریوں نے10 ہزار9 سو 94 شکایات درج کرائیں۔
کمشنر لاہور وایڈمنسٹریٹرآصف بلال لودھی کے نوٹس لینے پر ایم سی ایل افسران متحرک ہونا پڑا، تاہم آصف بلال لودھی نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام زونزاورجنرل بس اسٹینڈز انتظامیہ کو پاکستان سٹیزن پورٹل کی شکایات فوری نمٹانے کی ہدایت کردی۔
پاکستان سٹیزن پورٹل کے ڈیٹا کےمطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ انفراسٹرکچر سے متعلق 4 ہزار3 سو72 شکایات درج کرائی گئیں، چیف کارپوریشن آفیسرسے متعلق273 شکایات موصول ہوئیں، ایڈمنسٹریٹرلاری اڈا کی 173، ڈپٹی چیف آفیسرعزیز بھٹی زون سے متعلق 3 سو 82 شکایات موصول ہوئیں۔
زونل آفیسرانفراسٹرکچرعلامہ اقبال زون کی15 سو97، زونل آفس گلبرگ سے متعلق 5 سو50 اور زونل آفیسرانفراسٹرکچر نشترزون کی 5 سو57 شکایات موصول ہوئیں جبکہ شہریوں نے شعبہ ریگولیشن سے متعلق دو ہزارچار سو27 شکایات درج کرائیں۔
کمشنرلاہوروایڈمنسٹریٹرآصف بلال لودھی نے تمام شکایات کو دو روز میں نمٹانے کاحکم دے دیا جبکہ پاکستان سٹیزن پورٹل کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانےکی تنبیہ بھی کردی۔