(سعود بٹ) نیب نے شہباز شریف کی ضمانت منظوری کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا، اعلامیہ جاری۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے شہباز شریف کی ضمانت کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے پر نیب کا رد عمل سامنے آیا ہے، نیب حکام نے فوری طور پر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے ملزم شہبازشریف کیخلاف ٹرائل کورٹ میں دائر کرپشن ریفرنس میں پیش کیے گئے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے شواہد کی روشنی میں آئین اور قانون کے مطابق تیاری کا آغاز کر دیا ہے۔
نیب کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جس کے تمام اقدامات آئین اور قانون کے مطابق کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر کیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب نیب کی جانب سے منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف اور دیگر تمام شریک ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی گئی، اس سلسلے میں اہم مراسلہ بھی منظرعام پر آگیا، نیب لاہور کی جانب سے لیٹر 28 اپریل 2021ء کو نیب ہیڈ کوارٹرز کو ارسال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لیٹر میں سپریم کورٹ میں لاہور ہائیکورٹ کی ای سی ایل میں ملزموں کے نام شامل نہ کرنے کی رولنگ کو چیلنج کرنے کی درخواست کی گئی۔ لیٹر میں کہا گیا کہ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد پر مبنیٰ ریفرنس 20 اگست 2020ء کو احتساب عدالت لاہور کے روبرو دائر ہوا، جس پر عدالتی کارروائی جاری ہے۔