(عرفان ملک) کورونا وباء کے پیش نظر اکیس رمضان کے مرکزی قدیمی ماتمی جلوس نہیں نکالے جائیں گے، پنجاب حکومت نے لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی سفارشات پر جلوس انتظامیہ کو مطلع کر دیا۔
سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں شیعہ علما کرام اور جلوس انتظامیہ کے ساتھ بند کمرہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب، کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرسیف انجم،ڈی سی لاہور دانش افضال ، ایڈیشنل آئی جی رائے طاہر، سی سی پی او ذوالفقار حمید ، ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید،شعیہ علما کرام سیف منیر عباس ،آغا شاہ حسین قزلباش،توقیر بابا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق کورونا وباء کے پیش نظر ہیلتھ ایڈوائزری اور پولیس رپورٹ کے مطابق ماتمی جلوس نہ نکالنےکا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق شیعہ علماء کو یہ بھی کہا گیا کہ وفاق کا فیصلہ حتمی ہو گا جس کا آئندہ چند روز میں باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا ۔ وزات داخلہ پنجاب کی طرف سے بھی وبائی مرض کے خطرے کے پیش نظر جلوس نہ نکالنے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے 475 نئے کیس، تعداد 11482 ہو گئی،،لاہور میں مزید 262شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق،شہرمیں مصدقہ مریضوں کی تعداد5452ہوگئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق شہروں میں سب سے ذیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 262 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔لاہور میں 5452 کورونا کے مصدقہ مریض ہیں۔
کوروناوائرس کے باعث پنجاب میں 197 جبکہ لاہور میں 69 اموات ہوچکی ہیں۔کورونا میں مبتلا 323 افراد صحت یاب ہو چکے،اب تک 1 لاکھ 30 ہزار 546 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرنے عوام سےاپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کر کے خود کو محفوظ بنائیں،کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فورا 1033 پر رابطہ کریں۔