ویب ڈیسک:پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 263 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بناسکی۔عمیر یوسف اور افتخار احمد کی نصف سنچریاں بھی کوئٹہ کو شکست سے نہ بچاسکیں دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 67 اور 53 رنز بنائے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا تھا۔سلطانز کے اوپنر عثمان خان اور کپتان محمد رضوان نے 157 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، عثمان خان نے پی ایس ایل تیز ترین سنچری اسکور کی اور 43 گیندوں پر 120 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے جبکہ عثمان خان کو محمد نواز نے عمر اکمل کے ہاتھوں اسٹمپڈ آؤٹ کروایا۔کپتان محمد رضوان 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، رائلی روسو 15 رنز بناسکے، ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے قیس احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کے دس میچز میں مدمقابل آئیں، ملتان سلطانز نے 6 میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ گلیڈی ایٹرز 4 میچز میں فتحیاب رہی۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں اظہار الحق نوید کو شامل کیا گیا جبکہ انجری کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد شامل نہیں ہیں۔