(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے انگلش کرکٹر سیم بلنگز کا کھیل کے علاوہ ایک پسندیدہ مشغلہ گُنگنانا بھی ہے ۔
سیم بلنگز ڈریسنگ روم میں ہوں یا سفر میں ،گانا ضرور سُناتے ہیں اس دوران ٹیم کے دیگر ارکان بھی اُن کا ساتھ دیتے ہیں۔اب انگلش کھلاڑی سیم بلنگز کی اُردو میں گانا گانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں سیم بلنگز لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے ہمراہ بس میں سفر کرتے ہوئے پاکستانی گلوکار اصرار کا مشہور گانا 'مست ہوا، برباد ہوا' گاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اس دوران سیم بلنگز کا ساتھ افغان اسپنر راشد خان اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی دیا۔
واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 8 کے کوالیفائر میچ میں جگہ پکی کرلی, لاہور قلندرز کوالیفائر میچ میں 15 مارچ کو ہوم گراؤنڈ پر ایکشن میں ہوگی۔ قلندرز کے مدمقابل ٹیم کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔