(سٹی42)حکومت نے سینیٹ الیکشن سے قبل اپنے پتے شو کردئیے۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لئے مرزا محمد آفریدی کو نامزد کردیا۔سینیٹر مرزا محمد آفریدی فاٹا سے آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر حکمران جماعت کے امیدوار کے لئے 4 نام شارٹ لسٹ کئے تھے جن میں سیف اللہ نیازی، اعجاز چودھری ، مرزا آفریدی اور عون عباس شامل تھے۔تاہم تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں حتمی مشاورت کے بعد ڈپٹی چیئرمین شپ کیلئے قرعہ سینیٹر مرزا محمد آفریدی کے نام نکلا۔سینیٹر مرزا محمد آفریدی فاٹا سے آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنما مرزا محمد آفریدی کا نام آج فائنل کیا، حکومت کی اتحادی جماعتوں نے بھی مرزا آفریدی کے ڈپٹی چیئرمین سینٹ بننے پر رضامندی ظاہر کی، وزیراعطم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ سابقہ فاٹا کی محرومیوں کو دور کیا جائے۔مرزا آفریدی کا تعلق بھی خیبرپختونخوا میں ضم شدہ علاقے ضلع خیبر سے ہے۔
واضح رہے کہ ایوانِ بالا میں اپوزیشن ارکان کو اکثریت حاصل ہے۔اس وقت ایوانِ بالا میں 99 ارکان موجود ہیں جن میں سے 47 کا تعلق حکمران اتحاد جبکہ 52 کا اپوزیشن جماعتوں سے اور اگر جماعت اسلامی کے واحد سینیٹر گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی میں انتخاب کی طرح ووٹ ڈالنے نہیں آئے تو اس وقت بھی اپوزیشن کے پاس 4 ووٹوں کی برتری ہوگی۔
چنانچہ 12 مارچ کو حکومت کے لئے یہ انتخاب جیتنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کچھ اپوزیشن ارکان حکومت کو ووٹ نہ دیں یا خفیہ بیلٹ کے دوران اپنے ووٹ ضائع نہ کردیں۔
یاد رہے کہ خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن ایوان کے نصف ارکان کے انتخاب کے لئے ہر 3 سال بعد ہوتے ہیں، ہر رکن کی مدت 6 سال ہے جبکہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو 3 سال کے لئے چنا جاتا ہے۔