لوئر مال (علی رامے) حکومت کا بجٹ سے پہلے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے کا فیصلہ، پنجاب حکومت نے تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ نئے بجٹ تک مؤخر کردیا۔
پنجاب حکومت نے اپنے سرکاری ملازمین کو وفاق کی طرز پر تنخواہوں میں اضافہ دینے کی بجائے ملازمین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا, محکمہ خزانہ پنجاب کے باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے گریڈ ایک سے انیس کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ نئے بجٹ تک مؤخر کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ ایک سے گریڈ 19 کے افسران کیساتھ ساتھ گریڈ بیس سے بائیس کے افسران کو بھی اضافی تنخواہوں سے نوازنے کیلئے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نئے بجٹ سے مشروط کردیا، پنجاب حکومت سرکاری افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ابھی نہیں کرے گی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ بجٹ میں ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے تمام محکموں کے ملازمین اور افسران کو دفتری اوقات کار کی پابندی کرنے کی سختی سے ہدایت کردی، پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ ملازمین و افسران اوقاتِ کار کا خاص خیال رکھیں اور صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک دفتروں میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، دوران ڈیوٹی دفاتر سے اِدھر اُدھر نہ ہوں، دفتری اوقات کار کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔