ویب ڈیسک: آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں میچ کے آخری دن بھارت کی ٹیم 234 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ٹرافی آسٹریلیا نے جیت لی۔ میچ کے آخری روز انڈیا اور آسٹریلیا دونوں ممالک کے مداح اس وقت انگشت بدنداں رہ گئے تھے جب سکاٹ بولینڈ نے ایک اوور میں ویرت کوہلی اور جدیجا کو یکے بعد دیگر آوٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔
اس ایک اوور نے بظاہر بھارت کے حق میں جا چکے میچ کاایک بار پھر پانسہ بدل دیا اور آسٹریلیا جس کے میچ جیتنے کی امید دم توڑ رہی تھی ایک بار پھر مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں آ گیا۔ ویرات کوہلی اور جدیجا کے ایک ہی اوور میں پویلین لوٹ جانے کے بعد راہانا اور سریکر بھرت اسکور کو 212 رنز تک لے گئے لیکن 56ویں اوور میں راہانا 212 رنز کے مجموعہ پر آوٹ ہو گئے۔ ان کا انفرادی اسکور 46 تھا۔
57ویں اوور کی چوتھی گیند پر ٹھاکر بھی آوٹ ہو گئے، وہ 5 گیندوں میں کوئی رن نہ بنا سکے۔60 ویں اوور کی دوسری بال پر امیش یادیو کی وکٹ گر گئی، یادیو 12 گیندوں میں صرف ایک رن بنا سکے تھے۔ ان کی واپسی کے وقت بھارت کا مجموعی اسکور 220 تھا.
61 ویں اوور کی پانچویں گیند پر سریکر بھرت بھی 23 رنز کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہو گئے۔ اس طرح 212 سے 224 تک 12 رنز کے عوض آسٹریلیا کے باولروں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی آخری وکٹ محمد سراج کی گری، وہ بھارت کے مجموعہ کو 234 رنز تک لے جا سکے۔
آخری اننگز میں آسٹریلیاکےنیتھن لیون نے 4 ،سکاٹ بولینڈ نے 3 اور مچل سٹارک نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیانے پہلی اننگز میں 469 بنائے اوردوسری اننگز میں 270 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 163اور سٹیوسمیتھ 121 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ دوسری اننگزمیں الیکس کیرے 66رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 296رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس میں اجنکیارہانے 89رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ بھارت کو مسلسل دوسری بار ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں شکست ہوئی۔ 2021 میں بھی بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھو ں 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے کے لیے دوسری سلپ میں کھڑے اسٹیو اسمتھ نے سکاٹ بولینڈ کی بال پر ایک حیران کن کیچ پکڑا۔ کوہلی کا انفرادی اسکور 49 تھا، وہ میچ جتوانا تو کجا اپنی ففٹی تک مکمل کرنے کو ترستے ہوئے پویلین واپس چلے گئے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ کوہلی اس سے پہلے بھی برطانیہ میں عین اسی طرح برطانوی کھلاڑیوں کے جال میں پھنس چکے ہیں اور اس بار بولنڈ نےہی نصف سنچری سے شرماتے ہوئے کنگ کوہلی کو ففٹی کئے بغیر واپس بھیج دیا۔سکاٹ بولینڈ نے کوہلی کی وکٹ گرانے پر ہی بس نہیں کیا بلکہ ان کی جگہ آنے والے رویندرا جدیجا کو بھی ان کی دوسری ہی بال پر کاٹ بیہائینڈ آوٹ کر دیا تھا۔ جدیجا کو ایک بھی رن بنانے کا موقع نہیں ملا۔
سکاٹ بولینڈ کے اس اوور کو کرکٹ مداحوں نے گیم چینجر قرار دیا۔
آسٹریلیا نے کل میچ کے چوتھے روز انڈیا کو آخری اننگز میں 444 رنز بنانے کا ٹارگٹ دیا تھا، چوتھے روز کھیل کے اختتام تک
3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا چکا تھا، آج پانچویں دن کا کھیل شروع ہونے کے بعد کوہیلی اور اجنکے ریہانے نے اچھی ابتدا کی لیکن سکاٹ بولینڈ مسلسل دباو بڑھاتے رہے اور آخر 180 کے مجموعی سکور پر جب کوہلی ففٹی مکمل کرنے کے بھی دباو میں تھے وہ کوہلی سے فاش غلطی کروا کر میچ کا پانسہ بدلنے میں کامیاب ہو گئے۔