ملک اشرف بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسروں کو تبدیل کرنے کادائر اختیار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عدالت نے پیپکو کے دائر اختیار کے خلاف درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت، وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن، چیئرمین نیپرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے لیسکو کے ایکسئین امجد حسین ناگرہ اور حافظ محمد حسین کی درخواست پر سماعت کی۔لیسکو افسران کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیپکو، لیسکو اور بجلی کی دوسری تقسیم کار کمپنیاں علیحدہ علیحدہ ادارے ہیں۔قانونی تقاضوں کے مطابق کوئی ادارہ دوسرے ادارے کے دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتا۔
پیپکو قانونی تقاضوں کے برعکس لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کے تبادلے کررہا ہے۔پیپکو نے اپنے من پسند افسران کو نوازنے کے لئے پانچ ٹرانسفر پالیسیاں بنائیں۔ پیپکو کا لیسکو سمیت دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کے تبادلے کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پیپکو، لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کے تبادلے کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔