( شہزاد خان ابدالی ) گزشتہ تین ماہ سے ملکی معیشت شدید معاشی دباؤ کا شکار رہی، صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ کہتے ہیں تین ماہ کے دوران ایکسپورٹ کی مد میں دو بلین ڈالر کا نقصان ہوا، وفاقی حکومت اب اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکر ملکی صنعت وتجارت اور معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کرے۔
رواں مالی سال ملکی تاریخ کا مشکل ترین سال ثابت ہوا، بالخصوص مارچ سے جون دو ہزار بیس تک ملکی معیشت کیلئے ڈراونا خواب تھا۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ مارچ سے جون دو ہزار بیس تک ایکسپورٹ کی مد میں دو بلین ڈالر کا نقصان ہوا اور اکیاون روزہ لاک ڈاؤن کے دوران محاصل کی مد میں ایف بی آر کو پچھتر کروڑ روپے روزانہ کا خسارہ ہوا۔
لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید نے کہا کہ تین ماہ معیشت کیلئے نہایت خوفناک رہے اور ہر شعبے میں تنزلی کا سامنا رہا تاہم انہوں نے کہا کہ اب حکومت بزنس کمیونٹی کو ساتھ لیکر ملکی معیشت کی بحالی کیلئے کمر کس لے تاکہ اقتصادی صورتحال بہتر ہو سکے۔ غیردستاویزی اور بلیک سرمائے کو بھی گردش کرنے دیا جائے تاکہ کیش فلو کی صورتحال بہتر ہوسکے۔
شہر کی بزنس کمیونٹی کے قائدین کہتے ہیں رواں مالی سال کی اگلی سہ ماہی بھی نہایت مشکل ہوگی، حکومت مختلف شعبوں کی بحالی کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔