زراعت میں 40 ارب ڈالرانویسٹمنٹ سےروزگار کے40لاکھ مواقع پیداکریں گے، شہبازشریف

Prime Minister Shahbaz Sharif Tweets on National Food Security Conference, City42
کیپشن: File Photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  زرعی شعبے میں چالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی اور چالیس لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ دوسرے سبز انقلاب کا مقصد زراعت کو ہماری اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا محرک بنانا ہے، جس سے ملک میں غذائی تحفظ یقینی اور قومی سلامتی مضبوط ہوگی.

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ باتیں سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ پیغام میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز زراعت اور غذائی تحفظ پر قومی سیمینار کے دوران میں نے پاکستان میں دوسرے سبز انقلاب کے بنیادی جزو کے طور پر زراعت کی ازسر نو بحالی و ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ ہم سب نے بلند بانگ نعرے اور کاغذی دعوے سنے لیکن محنت، استقامت اور تندہی کے بغیر وہ سب بے کار ثابت ہوئے. جی سی سی ممالک سالانہ چالیس ارب ڈالر کی غذائی اور زرعی مصنوعات درامد کرتے ہیں۔حکومت کا مقصد سپیشل انویسٹمینٹ فیسیلٹیشن کونسل کی چھتری تلے پاکستان کے زرعی شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لانا ہے، جس کے لیے راہ ہموار ہو چکی ہے۔اگلے چار سے پانچ برس میں پاکستان میں چالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی اور چالیس لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

شہباز شریف نے لکھا کہ دوسرے سبز انقلاب کا مقصد زراعت کو ہماری اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا محرک بنانا ہے، جس سے ملک میں غذائی تحفظ یقینی اور قومی سلامتی مضبوط ہوگی.

انہوں نے لکھا کہ زراعت اور غذائی تحفظ پر قومی سیمینار نعرے بازی یا محض دعوں کیلئے منعقد نہیں کیا گیا، بلکہ یہ ملک کی معاشی بحالی کی عکاسی کرتا ہے جو کہ بہت دیر سے التواء کا شکار تھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا مستقبل قرضوں سے نکل کر ایک مضبوط معیشت کے قیام کی وعید سناتا ہے، ہمارا مستقبل پائیدار ترقی اور معاشی مضبوطی پر مبنی ہے. ہم سب مل کر اس قومی مقصد کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔