(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں کورونا پھر زور پکڑنے لگا، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1980 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 27 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اب تک کورونا وائرس سے گلگت بلتستان میں 111 افراد جاں بحق، 6 ہزار 851 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کردی۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گلگت بلتستان کے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ضرور ہوا تاہم کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں، گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے بڑھنے کی وجہ سیاحوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہے۔
خالد خورشید نے کہاکہ گلگت بلتستان پاکستان کی سیاحت کا حب ہے، پوری دنیا سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس کی بڑھتی صورتحال اور چوتھی لہر کے خدشے کے باوجود گلگت بلتستان میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی عوام کی معیشت کا دارومدار سیاحت پر ہے، گلگت بلتستان میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیےہیں، گلگت بلتستان کی عوام اورسیاح ایس او پیز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں۔