مال روڈ(علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں عید الاضحی کے ایام میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحیٰ پر پارک اورتفریحی مقامات بند رہیں گے، سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اور انتظامی عملے کو آنے کی اجازت دی جا رہی ہے، تاہم طلبا اور اساتذہ کو سکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق سکول کھولنے سے پہلے محکمہ سکول ایجوکیشن ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن جاری کرے گا، سکولوں کو دو شفٹوں میں چلانے پر غور کیا جارہا ہے اور ہر شفٹ میں ڈھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی، سکولوں میں ہینڈ واش، ماسک اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا ئیں گے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ اپائمنٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت پراپرٹی، پروفشنل ٹیکس اورایکسائز پرمنٹ کے اجراء کی اجازت دی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پنجاب میں ڈینگی سرویلنس نہ کرنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آرہا ہے، 6 شہروں میں مخصوص تعداد سے زیادہ کورونا مریض آنے پرعارضی لاک ڈاؤن کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت نے بھی عید پر صرف ایک سرکاری چھٹی دینے کا فیصلہ کر لیا، جمعہ کو عید کی صورت میں پنجاب حکومت سرکاری اداروں کو ایک ہی چھٹی دیگی، پنجاب میں جمعہ کو سرکاری چھٹی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی، عید کے بعد پیر سے سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔
واضح رہے کہ عید الاضحیٰ ہر سال قمری مہینہ ذوالحج کی دس تاریخ کو منائی جاتی ہے، عید کی نماز کے بعد صاحب حیثیت مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئےاللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے جمعہ کو عید الاضحیٰ کے ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔