ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نواز شریف, مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب نے ہیلی کاپٹر کی منظوری دیدی

نواز شریف, مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب نے ہیلی کاپٹر کی منظوری دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اورمریم نواز کی گرفتاری کا معاملہ، ڈی جی نیب لاہور کی درخواست پر چیئرمین نیب نے ہیلی کاپٹر کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لیے ہیلی کاپٹر کی منظوری دے دی۔ بذریعہ ہیلی کاپٹر نواز شریف اور مریم نواز کو راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔9 جولائی کو ڈی جی نیب لاہور  میجر شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو تین نکاتی خط لکھا تھا جس میں نیب حکام کو ہیلی کاپٹر فراہم کرنے اور اڈیالہ جیل لینڈ کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ خط میں مریم اور نواز شریف کی جہاز کے اندر ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کرنے کی استدعا بھی کی گئی تھی۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے استقبال کی  تیاریاں کررہے ہیں، کہتے ہیں کہ روک سکو تو روک لو، نواز شریف  کا پرتپاک استقبال کریں گے، شہباز شریف نے کارکنوں کو 13 جولائی کو میاں نوازشریف کےاستقبال کے لیے ائیر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی، کہتے ہیں کہ اگر کسی کارکن سے زیادتی ہوئی تو معاف نہیں کروں گا۔

نواز شریف اور مریم نوازکی جمعہ کے روز وطن واپسی کے باعث ہفتے کو جیل سے حراستی قیدی عدالتوں میں پیش نہیں ہوسکیں گے، کیونکہ قیدیوں کو پیش کرنے والے اہلکارسکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے جمعہ اورہفتہ کیلئےعدالت میں کیسز کی تاریخ بھی نہیں رکھی جا رہی۔قتل، منشیات سمیت دیگر مقدمات میں آئندہ تاریخ سماعت سوموار کے بعد کی رکھی جا رہی ہے۔

 واضح رہے کہ 6 جولائی کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں میاں محمد نواز شریف کو 10 سال ، مریم نواز کو سات سال اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزاسنائی، نیب نے کیپٹن صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا ہے جبکہ نواز شریف اور انکی صاجزادی تاحال لندن میں موجود ہیں اور وہ بروز جمعہ کو وطن واپس آئیں گے جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا ۔