(ویب ڈیسک)واٹس ایپ جو صارفین کیلئے ہر کچھ دن بعد ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کرادیتا ہے،اب واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر ”پراکسی سپورٹ“ متعارف کرایا دیا ہے جس کے بعد اسے انٹرنیٹ کے بغیر بھی چلایا جا سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ایران اور شام جیسے ممالک جہاں واٹس ایپ یا انٹرنیٹ پر پابندی ہے وہاں کے شہری ایپ تک رسائی کیلئے پراکسی سرور استعمال کر سکیں گے، پراکسی سپورٹ فیچر تازہ ترین ورژن والے صارفین کے لیے باضابطہ طور پر دستیاب ہے،واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کیلئے واٹس ایپ پراکسی سپورٹ متعارف کرائی جارہی ہے جس کی مدد سے لوگ انٹرنیٹ بند ہونے اور ایپ پر پابندی کے باوجود ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (VPN) کے ذریعے واٹس ایپ استعمال کرسکتے ہیں۔
واٹس ایپ کے مطابق پراکسی سپورٹ کے باوجود صارفین کے میسجز اور کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہیں گے، یعنی انہیں واٹس ایپ اور میٹا سمیت پراکسی سرورز کے ذریعے دیکھا یا سنا نہیں جا سکے گا،ایک پراکسی سرور صارفین اور ویب سروسز کے درمیان ایک ثالث ہے اور ایک ویب فلٹر کے طور پر کام کرتا ہے جو صارفین کو پابندیاں اور سنسرشپ روکنے کی اجازت دیتا ہے۔
پراکسی سپورٹ کا سادہ مطلب یہ ہے کہ جن خطوں یا ممالک میں انٹرنیٹ سروس بند ہے یا واٹس ایپ پر پابندی ہے وہاں کے لوگ مذکورہ فیچر کے تحت آسانی سے واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے،اس فیچر کے تحت واٹس ایپ خود انٹرنیٹ فراہم نہیں کرے گا بلکہ دنیا بھر کے مختلف فلاحی اداروں کے بنائے گئے پراکسی نیٹ ورک سرورز مفت انٹرنیٹ فراہم کریں گے،صارف کو ’پراکسی سیٹنگ پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد ایک نئی ونڈو کھلے گی، جہاں پراکسی سیٹنگ کو آن کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ پرانے آپریٹنگ سسٹمز والے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے صارفین 2023 میں پیغام رسانی کی یہ ایپلی کیشن استعمال نہیں کرسکیں گے،اس سے قبل ایپل نے اکتوبر میں اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ آئی او ایس 10 اور 11 استعمال کرنے والے صارفین تک واٹس ایپ کی رسائی ممکن نہیں ہوگی جس کے بعد کمپنی نے آئی او ایس کو اپ ڈیٹ کرنے پر زور دیا تھا۔