(علی اکبر )سربراہ جمعیت علما اسلام ف مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں نے بیانیہ تبدیل کرکے اپنا سفینہ ڈبو دیا جبکہ حکومت نے عوام کو قبر تک پہنچا دیا ہے بس تدفین ہونا باقی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت تنظیمات مدارس کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں مدارس کانفرنس کے انعقاد پر مشاورت کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمنٰ نےکہا کہ دینی مدارس کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گےجبکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت قانون پر اپوزیشن تقسیم ہوئی ہم چاہتے تھے کہ قانونی سقم کو بھی مد نظر رکھیں لیکن ہم تنہا اپوزیشن ہیں اور اپنے بیانیے پر قائم ہیں۔
مولانا فضل الرحمن کاکہنا تھا کہ حکمرانوں سے جان چھڑوانا قومی فریضہ بن چکا ہے، ملک میں اس وقت آمریت قائم ہے جسے بے نقاب کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ نااہل حکمران قوم پر کیوں حکومت کریں ان کے آزادی اور لانگ مارچ میں دس لاکھ لوگوں نے شریک ہوکر اپنا فیصلہ سنایا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جماعت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اپنی نئی تحریک کا آغاز پنجاب سے ہی کریں گے۔