یوٹیلٹی سٹورز ہفتہ بھر سے خالی، ٹینڈرتاحال پاس نہ ہوسکے

یوٹیلٹی سٹورز ہفتہ بھر سے خالی، ٹینڈرتاحال پاس نہ ہوسکے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

خان شہزاد: سات روز گزرنے کے باوجود شہر کے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی، سفید چنے ،بیسن ،دال چنا کا سٹاک نہ پہنچ سکا۔ وفاقی حکومت نے صارفین کو اوپن مارکیٹ کے گراں فروشوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ چینی ،دال چنا،بیسن ،سفید چنے کا سٹاک ختم ہوئے ایک ہفتہ بیت گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز خالی ہونے لگے مگر وفاقی حکومت کے سر پرجوں تک نہ رینگی۔ شہری اشیائے ضروریہ کا سٹاک نہ ہونے پر پھٹ پڑے اور وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ نے بھی اشیائے ضروریہ کا سٹاک ختم ہونے کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈال دی۔ یوٹیلٹی انتظامیہ نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کا سٹاک ختم ہونے سے پہلے سبسڈی کی رقم ادا کرنا وفاقی حکومت  کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت 26 بلین روپے کی سالانہ سبسڈی کی رقم نہ ملنے کے باعث یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو اشیائے ضروریہ کا سٹاک خریدنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری جانب یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران سبسڈی کی رقم ملتے ہی ٹینڈر پاس ہوجائے گا۔ اگلے ہفتے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کا سٹاک بھی  پہنچ جائے گا۔