(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی لڑاکا طیارے نے فضا میں اڑنے والی کار نما مشتبہ چیز کو مار گرایا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی کا کہنا ہے کہ امریکی لڑاکا طیارے نے الاسکا کے اوپر ایک چھوٹی کار نما چیز کو مار گرایا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ اڑنے والی چیز کہاں سے آئی۔اڑنے والی چیز کو کینیڈا کی سرحد کے قریب مار گرایا ہے اور امریکی پائلٹ کا اندازہ تھا کہ اڑنے والی چیز میں کوئی انسان نہیں تھا۔
جان کربی نے کہا کہ فی الوقت ہم اسے ایک چیز کہہ رہے ہیں، ہمارے پاس کوئی ایسی معلومات نہیں ہے جو اس کے مقصد کی تصدیق کرے، اس چیز کا مالک کون ہے،یہ پچھلے ہفتے ملک کے اوپر سے اڑنے والے چینی غبارے سے نمایاں طور پر چھوٹا تھا۔
پینٹاگون نے امریکی فضائی حدود میں کارنما چیز کو مار گرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج اس چیز کا ملبہ ڈھونڈ کر اسے نکالنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فضائی حدود میں اڑنے والی مشتبہ چیز کو امریکی صدر جو بائیڈن کے حکم پر گرایا گیا، تشویش ظاہر کی گئی کہ یہ چیز عام پروازوں کے لیے ممکنہ خطرہ تھی تاہم اس پر مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ تجارت نے 6 چینی اداروں کو بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔ چینی اداروں کو پیپلز لبریشن آرمی کے ایرو اسپیس پروگراموں میں تعاون پر بلیک لسٹ کیا گیا۔