( حافظ شہباز علی ) کبڈی ورلڈ کپ کے تیسرے روز آسٹریلیا، جرمنی اور بھارت نے اپنے اپنے میچ جیت لیے، آسٹریلیا اور بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوگئی۔
پنجاب سٹیڈیم میں کبڈی ورلڈ کپ کے میچز پوری آب وتاب سے جاری ہیں، تیسرے روز مزید تین میچز کا فیصلہ ہوگیا۔ آسٹریلیا اور بھارت نے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کرلی۔
پہلے میچ میں آسٹریلیا نے آذر بائیجان کو شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ آسٹریلیا نے 24 کے مقابلے میں 53 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
دوسرے میچ میں جرمنی نے انگلینڈ کو 28 کے مقابلے میں 49 پوائنٹس سے ہرا کر کامیابی حاصل کی جبکہ یہ ورلڈ کپ میں جرمنی کی پہلی کامیابی ہے۔
تیسرے اور آخری میچ میں بھارت نے سیرالیون کو شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم نے 18 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ سیرالیون کی ٹیم بھارت کے سامنے بے بسی کی تصویر بنی رہی۔
افتتاحی میچ میں پاکستانی شیر جوانوں نے کبڈی ورلڈ کپ کا فاتحانہ آغاز کیا، پاکستان نے کینیڈا کو 40 پوائنٹس کے واضح مارجن سے شکست دی تھی۔ پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 24 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے شکست دی۔
ٹورنامنٹ کے چوتھے روز فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں تین میچز کھیلے جائیں گے جبکہ گجرات میں بھی ٹورنامنٹ کے میچز شیڈول ہیں۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور پوزیشن میچز 15 فروری جبکہ فائنل 16 فروری کو لاہور میں ہوگا۔