بھارت کی طرح اپنی فلم انڈسٹری کو بھی مضبوط کرنا چاہتا ہوں، ریمبو

بھارت کی طرح اپنی فلم انڈسٹری کو بھی مضبوط کرنا چاہتا ہوں، ریمبو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (زین مدنی ) پاکستان فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار جان ریمبو نے کہا ہے کہ بھارت کی طرح اپنی فلم انڈسٹری کو بھی مضبوط کرنا چاہتا ہوں ۔

خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ریمبو نے کہا کہ دل چاہتا ہے کہ ہم بھی بھارت کی طرح اپنی انڈسٹری کو مضبوط کریں‘ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے صرف اس کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی کی طرح آج بھی فلم انڈسٹری میں لوگ ٹیلنٹ کو اجاگر کریں تو ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار جان ریمبو پاکستانی فلم انڈسٹری کے مانے جانے اداکار ہیں۔ ان کا اصل نام افضل خان ہے، وہ 22جولائی 1969ء کو پیدا ہوئے۔ جان ریمبو نے 1991ء میں پاکستان ٹیلی وژن کی ڈرامہ سیریز ’’گیسٹ ہائوس‘‘ میں صفائی کرنے والے کا کردار اس خوبی سے ادا کیا کہ آہستہ آہستہ وہ اس سیریز کے سب سے مقبول اداکار بن گئے۔اسی سیریز کے دوران افضل خان عرف جان ریمبو کو معروف فلم ساز حاجی عبدالرشید نے اپنی فلم ’’ہیرو‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔اس فلم کے ہدایت کار سعید رانا تھے جبکہ کہانی اور مکالمے بشیر نیاز نے تحریر کیے تھے۔فلم ہیرو میں افضل خان کے مقابلے میں مرکزی کردار اداکارہ صاحبہ نے ادا کیا تھا جبکہ اس کے دیگر اداکاروں میں اظہار قاضی اور رنگیلا کے نام شامل تھے۔ افضل خان نے ہیرو کے بعد متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ریمبو اور صاحبہ کی جوڑی کافی مقبول ہوئی۔اس جوڑے نے متعدد فلموں میں کام کیا۔ فلم’’معاملہ گڑ بڑ ہے‘‘کی شوٹنگ کے دوران ان کے درمیان حقیقی محبت کی کہانی بھی شروع ہوگئی اور نشو بیگم کی شدید مخالفت کے باوجود 1996 میں صاحبہ اور ریمبو کی شادی ہوگئی۔ان دونوں کی جوڑی کو لوگ کافی پسند کرتے ہیں۔ اداکارہ ریما نے ان کی جوڑی کو بہترین قرار دیا۔ 

اداکار جان ریمبو نے متعدد ڈراموں جبکہ 150 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے ہر کردار کو دیکھنے والے خوب سراہتے ہیں۔ ان کے مقبول ڈراموں میں گیسٹ ہاؤس، یہ چاہتیں یہ رنجشیں، خدا اور محبت ، چوکی نمبر 420 اور ناگن شامل ہے جبکہ مقبول فلموں میں ہیرو، انٹرنیشنل لوٹری، گنڈا راج، میڈم رانی، منڈا بگڑا جائے، چور مچائے شور، جنگل کوئین، موسیٰ خان، سایہ خدائے ذوالجلال اور دی ڈنکی کنگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جان ریمبو نے اسٹیج ڈراموں میں بھی مزاحیہ اداکاری سے شائقین کو کافی محظوظ کیا۔ 

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوائٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔