( سٹی 42 ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور میچ دیکھنے دوبئی جائیں گے، پی ایس ایل 4 کے پاکستان میں میچز کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ رواں ہفتے شروع ہوگی۔
پی ایس ایل فور کا میلہ سجنے کو ہے تیار،شائقین کی طرح گورنر پنجاب بھی پی ایس ایل 4 کے منتظر، چوہدری محمد سرور پی ایس ایل 4 کےمیچز دیکھنے کیلئے بدھ کے دن 2 روزہ دورے پر دوبئی کے لیے روانہ ہونگے۔ گورنر پنجاب پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے، پہلا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا، چوہدری محمد سرور لاہور قلندرز کو سپورٹ کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے لاہور اور کراچی میں شیڈول میچز کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز رواں ہفتے ہوجائے گا، شائقین کرکٹ کو کم سے کم ٹکٹ پانچ سو روپے اور مہنگے سے مہنگا ٹکٹ بارہ ہزار روپے تک کا ملے گا۔ لاہور کے تین میچز کے ٹکٹوں کی قیمت ایک ہزار سے چھ ہزار تک ہوگی، اسی طرح کراچی میں ٹکٹس پانچ سو سے بارہ ہزار تک میں فروخت ہوگی، فائنل میچ کیلئے ٹکٹوں کی قیمت زیادہ رکھی گئی ہے۔ پی ایس ایل 4 کے لاہور میں 3 میچز نو، دس اور بارہ مارچ کو ہوں گے، جبکہ کراچی میں 5 میچز سات، دس، تیرہ، پندرہ اور سترہ مارچ کو کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب پی ایس ایل فور میچز کیلئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان دبئی روانہ ہوگئے، ذرائع کے مطابق احسان مانی اور وسیم خان پی ایس ایل کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔