پولیس نے موبائل فون ایپلیکیشن کی مدد سے 10 لاکھ انعام کا حامل مفرور ڈاکو گرفتار کرلیا ۔
دادو میں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیاں بڑھنے کے پیش نظر ضلع بھر میں سخت چیکنگ اور ناکہ بندی کی جا رہی تھی۔میہڑ سی آئی اے پولیس کے ایک ناکہ پر چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں نے تلاش ایپ ڈیوائس کی مدد سے نے بدنام ڈاکو امام بخش عرف اِمو چانڈیو کو گرفتار کرلیا۔ امام بخش عرف امو چانڈیو کی گرفتاری پر اس وقت دس لاکھ روپے انعام مقرر ہے۔
ڈاکو اِمو چانڈیو انتہائی مطلوب تھا جس کی وجہ سے پولیس نے اس کی گرفتاری پر انعام کی رقم بڑھا کر 50 لاکھ کرنے کی بھی درخواست حکومت کے محکمہ داخلہ کو بھیج رکھی تھی۔
امام بخش عرف اِمو چانڈیو کے خلاف قتل، اغوا، ڈکیتی، راہزنی، بھتہ خوری، پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین جرائم کے 50 مقدمات درج ہیں۔
ناکہ پر بڑے ڈاکو کا سامنا کر کے اسے گرفتار کرنے کی دلیرانہ کاروائی پر ایس ایس پی دادو شبیر احمد سیٹھار نے میہڑ سی آئی اے پولیس کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔