اکمل سومرو : پنجاب ہاؤس مری کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا دو سال بعد حتمی فیصلہ کر لیا گیا، پنجاب ہاؤس مری کی 96 کنال اراضی کوہسار یونیورسٹی کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے دو ہزار اٹھارہ میں پنجاب ہاؤس مری کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا جسے عملی شکل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب ہاؤس مری یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ہاؤس مری میں کوہسار یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ کوہسار یونیورسٹی محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے تحت 96 کنال اراضی پر محیط ہو گی۔
پنجاب ہاؤس مری کی زمین محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے نام زمین منتقلی کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ اس مراسلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تین سال کی مدت میں مذکورہ جگہ پر یونیورسٹی نہ بننے کی صورت میں زمین واپس لے لی جائے گی جبکہ مذکورہ زمین محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو مفت ٹرانسفر کی جا رہی ہے۔