(شہزاد خان) ایف بی آر نے چھوٹے تاجروں کیلئے سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم جاری کرکے تجاویز مانگ لیں اور ملکی سطح پر3 ہزار سے زائد تاجروں کو ایف بی آر کی کمیٹیوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر کی چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی اور جہانگیر ترین سے ملاقات میں اہم فیصلے ہوئے، تاجر رہنما نعیم میر شبر زیدی اور جہانگیر ترین سے ملاقات کر کے لاہور واپس پہنچ گئے، صدر اجمل بلوچ اور ملک شاہد غفور پراچہ ملاقات کرنے والی شخصیات میں شامل تھے۔
سیکرٹری جنرل انجمن تاجران نعیم میر نے بتایا کہ ملک بھر سے تین ہزار سے زائد تاجر نمائندوں کے نام ایف بی آر کی کمیٹیوں میں شامل کیے جائیں گے، مجوزہ کمیٹیاں اگلے ہفتے تک نوٹیفائی ہوجائیں گی، کمیٹیاں نئے تاجروں کی انکم ٹیکس میں رجسٹریشن، باہمی تنازعات کے حل، ایک ہزار مربع فٹ کی دکان اورہول سیلرز کی سیلز ٹیکس میں لازمی رجسٹریشن، تاجروں کی ٹرن اوور کے تعین میں ایف بی آر اور تاجروں کے درمیان مفاہمتی کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے اردو میں آسان اور سادہ ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ اسٹیبلشمنٹ کا فارم بھی غور و غوص کے لئے جاری کردیا، تمام امور کے قانونی تحفظ کے لئے 25 دسمبر تک صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا۔
۔ نعیم میر نے رہنما پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین کی مخلصانہ کوششوں کو خوب سراہتے ہوئے کہاکہ ان کے ہی مثبت رویے اور کوششوں کی بدولت ہی یہ سب آسانیاں ملی ہیں۔