(علی رضا) سردیاں آتے ہی جہاں مارکیٹوں میں گرم کپڑوں کی مانگ بڑھ جاتی ہے وہیں لنڈا بازار کی رونقیں بھی بحال ہو گئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سردی کا موسم شرو ع ہوتے ہی گرم کپڑوں اور جیکٹس کی خریداری کے لیے لوگ لنڈا بازار کا رخ کرتے ہیں۔ غریبوں کی لبرٹی مارکیٹ لنڈا بازار کی رونق سردی آتے ہی پھر سے بحال ہو گئی ہیں ۔نہ صرف غریب اب تو امیر طبقہ بھی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان لنڈا بازار کا رخ کر رہا ہے۔ ہر طرف گہما گہمی کا سماں ہے۔جہاں لوگوں کا رش ہے وہیں سردی کی آمد سے دکانداروں کی چاندی ہو گئی ہے ۔
لنڈا بازار میں سردیوں کے حوالے سے بنیان سے لے کر گرم چادر تک ہر چیز دستیاب ہے۔گرم کپڑوں کے علاوہ ، پردے، جوتے، سویٹرز، جیکٹس، موزے، چیسٹر، کوٹ، کمبل، مفلر، ٹوپیاں نائٹ سوٹس، ٹراوٴزرز،قالین ، چادریں،سفری بیگ، اسکول بیگ،ترپالیں، ڈیکوریشن پیسز،کھلونے، کٹلری، شیشے اور سٹیل سمیت ہر قسم کے برتن ، الیکٹرانکس کا سامان ، اور مشہور و معروف غیر ملکی برانڈز کا مختلف سامان اس بازار کی ’رونق ‘ بڑھانے کا سبب ہے۔
اسٹیشن اور میو ہسپتال کے لنڈا بازار اپنی کوالٹی اور ہر چیز کی دستیابی کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہیں اور لوگ بھی اس خریداری سے مطمئن نظر آتے ہیں۔