(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے یوم آزادی پر عمر قید سمیت دیگر تمام قیدیوں کو 3 ماہ کی خصوصی معافی دینے کا فیصلہ کیا ہے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کےدستخط کے بعد سمری منظوری کے لئے صدر پاکستان کو ارسال کی جائے گی۔یادرہے معافی کا اطلاق قتل،جاسوسی ڈکیتی کے کیسز میں سزا پانے والے مجرم قیدیوں پر نہیں ہوگا جبکہ ریاست مخالف سرگرمیوں، تخریب کاری کے جرائم میں ملوث قیدیوں ، فرقہ واریت،اغوا،رہزنی،زنا، دہشت گردی کے جرائم کے قیدیوں پر بھی معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔مالی غبن،قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے جرائم کے قیدیوں کو بھی معافی نہیں ملے گی۔
اسی طرح دو تہائی سزا پوری کرنے والے قیدیوں۔ 65 سال یا اس سے اوپر کےمرد قیدیوں کیلئے بھی 3 ماہ کی خصوصی معافی کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے دہشت گردی اور قتل کے جرائم میں ملوث بزرگ قیدیوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین قیدیوں کیلئے بھی 3 ماہ کی خصوصی معافی کی تجویز دی گئی ہے۔
اس معافی کا اطلاق ایک تہائی سزا پوری کرنے والی خواتین قیدیوں پر ہوگا تاہم دہشت گردی اور قتل کے جرائم میں سزا کاٹنے والی خواتین قیدیوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ اسی طرح وہ قیدی خواتین جن کے پاس بچے ہیں ان کیلئے بھی 3 ماہ کی خصوصی معافی کی تجویز دی گئی ہے ۔ معافی کا اطلاق قتل یا دہشت گردی میں ملوث خواتین قیدیوں پر نہیں ہوگا ۔ 18 سال سے کم عمر کے قیدیوں کیلئے بھی 3 ماہ کی خصوصی معافی کی تجویز ہے تاہم معافی کا اطلاق دہشت گردی یا قتل میں ملوث کمسن قیدیوں پر نہیں ہوگا ۔