ویب ڈیسک: این سی او سی کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی، ان ڈور مجالس پر پابندی جبکہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کی آمد پر این سی او سی کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ یہ ہدایات متعلقہ علماء کی سفارشات کو مدِّ نظر رکھ کر جاری کی گئیں۔ تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کئے جائیں گے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور تھرمل سکریننگ یقینی بنائی جائے گی، گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے گا۔
مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ہینڈ سینیٹائزراور ماسک مہیا کئے جائیں گے جبکہ مجالس ہوادار اور کُھلے کمروں میں منعقد کی جا ئیں گی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کر سکے گی، مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا ایس او پیز کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے گا۔
دوسری جانب گزشتہ24گھنٹوں میں لاہور میں کورونا سے4 جبکہ صوبہ بھر میں 17 افراد انتقال کرگئے۔ صوبہ بھر میں اموات کی کل تعداد 11 ہزار 254 ہو چکی ہے، پنجاب بھر میں کورونا کی مثبت شرح 6.2 اور لاہور میں مثبت شرح 9.4 ریکارڑ کی گئی، صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 67 ہزار 54 ہو گئی۔
سیکرٹری صحت کے مطابق اب تک پنجاب میں 3 لاکھ 36 ہزار 687 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ایکٹیو کیسز کی تعداد 19 ہزار 113 ہو گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 ہزار 842 ٹیسٹ کیےگئے۔ صوبہ بھر میں اب تک مجموعی طور پر 6,3 لاکھ 75 ہزار 927 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔