ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شرکا کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفے دینے کے معاملے پر متضاد رائے سامنے آئی۔
ارکان اسمبلی کی اکثریت نے عمران خان کو اسمبلیوں سے استعفے نہ دینے اور پارلیمنٹ میں رہ کر جمہوری جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید، فواد چودھری، حماد اظہر،علی نواز اعوان، مراد سعید سمیت دیگر ارکان اسمبلی اسمبلیوں سے استعفے دینے کے حق میں تھے۔ جبکہ شاہ محمود قریشی، فخر ابراہیم ، فیصل جاوید سمیت دیگر ارکان نے استعفوں کی مخالفت کی۔
عمران خان نے فردا فرداً تمام ارکان اسمبلی کا موقف سنا۔ ارکان اسمبلی نے آخر میں استعفوں سے متعلق اپنے فیصلے کا اختیار عمران خان کو دیا۔
مشاورت مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ اور تمام ارکان اسمبلی فوری طور پر قومی اسمبلی سے مستعفی ہوں گے، ہم ان چوروں کیساتھ کسی صورت نہیں بیٹھ سکتے۔ ان لوگوں کو قوم کو بھکاری بنادیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ہم اس امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتے ا س لئے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے #امپورٹڈ_حکومت_نامنظور کیخلاف اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اس امپورٹد حکومت کو نہیں مانتے۔
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) April 11, 2022
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے پہل کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفا بھی دے دیا ہے۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے استعفے کی کاپی بھی شیئر کی۔
جن کی حرصِ زر، ہوس اقتدار نے میری قوم کو “بھکاری” بنایا۔ جن کی غلامانہ زہنیت نے میرے گھروں کو مقتل گاہ، میرے لوگوں کو پناہگزین میری ماں کو زندہ درگور کردیا میں ان کو اس ملک کا سربراہ مانوں؟ absolutely not یہ فیصلہ فقط میرا نہیں میرے ملک کی ۲۲ کروڑ عوام کا بھی ہے pic.twitter.com/Mqln6tfVGe
— Murad Saeed (@MuradSaeedPTI) April 11, 2022