ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم عمران خان کے عہدے سے برطرف ہونے کے باوجود صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے فی الحال مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ نہیں کیا اور وہ اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی معمول کے مطابق اپنے آئینی فرائض انجام دیتے رہیں گے اور انہوں نے مستعفی ہونے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے بھی ڈاکٹر عارف علوی کے معاملے پر کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کی مشاورت کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ڈاکٹر عارف علوی کو مستعفیٰ ہونے کے لیے کہا تو وہ ازخود اپنے عہدے سے مستعفی ہونے پر غور کرسکتے ہیں لیکن فی الحال وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
اگر نئی حکومت نے صدر مملکت کو ہٹانے کے لیے آئینی راستہ اختیار کیا تو پھر وہ حالات کی مناسبت سے کوئی فیصلہ مشاورت سے کریں گے تاہم امکان ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ہی نئے ممکنہ وزیراعظم شہباز شریف سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔