عثمان علیم: سورج کا پارہ ہائی، گرمی کے پیش نظر چھٹی کے روز شہریوں نے نہر کا رخ کر لیا، بچے بڑی تعداد نہر میں نہانے میں مشغول رہے۔
درجہ حرارت بڑھتے ہی گرمی نے شہریوں کے پسینے چھڑواا دیئے، شہر میں درجہ حرارت آج زیادہ سے زیادہ 36 جبکہ کم سے کم 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، چھٹی کے روز گرمی کے پیش نظر شہریوں نے بچوں کے ہمراہ نہر کا رخ کر لیا۔ بڑی تعداد میں بچے گرمی کا زور توڑنے کے لیے نہر میں نہاتے دکھائی دیئے، دھرم پورہ پل پر بچوں کی بڑی تعداد موجود رہی، کسی نے غوطہ خوری کی تو کسی نے تیراکی کے جوہر دکھائے۔ بچوں کا کہناہے کہ گھروں میں گرمی کےباعث نہر کا رخ کیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے دن بھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ہر نئے دن کیساتھ شہر کا موسم بھی بدل رہا ہے۔ گزشتہ روز کی نسبت آج موسم خشک اور معتدل ہے۔صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد اور ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گرد آلود فضا کے باعث لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس بھی بڑھ رہا ہے۔