( قذافی بٹ، وسیم احمد ) وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن اور ضروری روزگار کو ساتھ ساتھ چلانا ہے، یہ سیاست کا وقت نہیں، وباء پر سیاست نہ کی جائے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے لاہور میں قائم کیے جانیوالے احساس کفالت سنٹرز کا دورہ کیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانیوالی امداد کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بے روزگار افراد کی مدد کی جا رہی ہے، مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے دینے کیلئے ملک میں مالی امداد کیلئے17 ہزار مراکز بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انکم سپورٹ پروگرام سے مستحق خاندانوں کا ڈیٹا لیا گیا، ابھی بھی کوئی رہ گیا ہے تو وہ 8171 کے ذریعے اپلائی کرسکتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رش والی جگہیں آئندہ بھی بند رہیں گی، 13 اپریل کو اجلاس میں فیصلہ ہوگا کہ کون سے کاروبار کو کھولنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 ہزار سے زائد فیس والے سکولوں کو ہدایت کی کہ وہ فیس میں 20 فیصد کمی کریں۔
وفاقی وزیر شفقت محمود نے ماڈل ٹاؤن یوٹیلیٹی سٹور کا بھی دورہ کیا۔ سٹور پر آٹا اور چینی سمیت دیگر اشیاء خورونوش کے سٹاک کا بھی جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں بھی اگر لاک ڈاؤن جاری رہا تو بھی یوٹیلیٹی سٹورز پر سپلائی جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا خورونوش کی متواتر فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے، اب ہر سٹور پر آٹا چینی اور گھی سمیت تمام اشیا اچھی کوالٹی اور رعایتی قیمت پر دستیاب ہیں۔
شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ شہری اس بات کا خیال کریں کے یوٹیلیٹی سٹور پر خریداری کے وقت حفاظتی تدابیر کو مدنظر رکھیں۔