(علی ساہی) دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،اب تک کورونا وائرس 71 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کر چکا ہے جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4792 تک پہنچ گئی ۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مانیٹرنگ سیل نے پنجاب میں کورونا وائرس کے حملوں کے تازہ اعدادو شمارجاری کر دیئے، جن کے مطابق 15ہزار 113 کورونا کےمشتبہ مریض ہیں جبکہ پنجاب میں 2282کوروناکےکنفرم مریض زیر علاج ہیں، پنجاب میں اب تک 178مریض صحتیاب ہوکراپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا، جہاں جیلوں میں موجود 80 قیدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، جیل حکام کےمطابق اب تک کیمپ جیل میں 527 قیدیوں اور سٹاف ممبران کا کورونا ٹیسٹ کرایا جاچکاہے، جن میں سے59 قیدیوں اور ایک جیل وارڈر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ بقیہ رپورٹس ایک دو روز میں موصول ہوجائیں گی۔
محکمہ داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرکے کورونا وائرس کے وارسے بچا جا سکتا ہے،شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بلاوجہ گھروں سےباہر نہ نکلیں۔
دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ تصدیق شدہ مریض جیل میں قائم کردہ عارضی ہسپتال میں اورباقی قرنطینہ سینٹرمیں رکھے گئے ہیں، تاکہ مہلک وبا کو دیگر قیدیوں اور سٹاف میں پھیلنے سے روکا جاسکے، کیمپ جیل سے آج مزید 125 قیدیوں کو لودھراں جیل میں بھجوایا جائے گا، جس کے بعد کیمپ جیل سے دوسری جیلوں میں منتقل ہونے والے قیدیوں کی تعداد 1 ہزار550 ہوجائے گی، جبکہ جیل میں بقیہ 1200 قیدی رہ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کسی بھی قیدی کو جیل میں لانے سے پہلے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ، اسی حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات اور آئی جی گلگت بلتستان نے پولیس قیدیوں کو جیل میں لانے سے پہلے سرکاری ہسپتالوں سے کورونا ٹیسٹ کروانے کے بارے میں ہدایات جاری کر دی ہیں ۔