(ندیم خالد) پولیس موبائل نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا، بائیس سالہ شہریار جاں بحق جبکہ فیضان شدید زخمی ہوگیا، لواحقین نے نعش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔
لاری اڈہ کے مقام پر پولیس موبائل کی ٹکر سے پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی شہریار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کا دوست فیضان شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق شہریار کے لواحقین نے نعش روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، لواحقین کا مطالبہ تھا کہ پولیس مقدمہ درج کرے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی غضنفر علی شاہ اور ایس پی کینٹ شہباز الہی موقع پر پہنچ گئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ حادثے کے وقت گاڑی میں موجود تمام اہلکار اور پولیس وین اُنکے قبضہ میں ہے، پولیس ملازمین سے پوچھ گچھ کی جاری ہے، تحقیقات کے بعد ذمہ داران کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائےگی۔
لواحقین کے احتجاج پر واقعہ میں ملوث پولیس ملازمین ٹرینی ایس آئی راحیل مقبول، محمد امین گن مین ، کانسٹیبل ندیم اور ڈرائیور محمد حُسین کیخلاف مقدمہ درج کر کے نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے میوہسپتال منتقل کر دیا گیا جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔