(علی رامے) بزدار سرکار کی دوہری پالیسی، ایک طرف مالی بحران کا رونا تو دوسری طرف جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا، سیکرٹریٹ کے774 افسران و ملازمین کو سالانہ 27 کروڑ روپے کا اضافی الاؤنس ملے گا۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ چلانے کے لیے افسران و ملازمین کا لاہور سمیت دیگراضلاع سے جنوبی پنجاب تبادلہ کیا جارہا ہے، حکومت نے سرکاری افسران و ملازمین کو خوش کرنے کے لیے اضافی تنخواہیں بھی منظور کی ہیں۔
محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے پیش کردہ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں 774 افسران و ملازمین کو سو فیصد ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے گا، جس کے لیے سالانہ 27 سے 30 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے، وہ افسران جو پہلے سے سو فیصد ایگزیکٹو الاؤنس لے رہے ہیں انہیں 75 فیصد اور جو یہ الاؤنس پہلے سے نہیں وصول کر رہے انہیں 100 فیصد الاؤنس دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ ایک الگ بجٹ ہےجس کے لیے کوئی رقم مختص نہیں، یہ بطور سپلمینٹری گرانٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیےدی جارہی ہے۔
محکمہ خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے تین ارب روپے کی رقم مختص ہے، تنخواہیں بھی اس فنڈز سے دی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 12 سیکرٹریز تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ان میں محمد اجمل بھٹی سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ، راناعبیداللہ انور کو سیکرٹری خزانہ، شعیب اقبال سید سیکرٹری پی اینڈ ڈی، راجہ خرم شہزاد انور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور لیاقت علی کو سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تعینات کیا گیا ہے۔
اقب علی کو سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ لگا دیا گیا، آفتاب احمد پیرزادہ سیکرٹری لائیو سٹاک، نوشین ملک سیکرٹری سروسز جبکہ مومن آغا کو سیکرٹری داخلہ جنوبی پنجاب کا اضافی چارج دیا گیا۔