ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"واقعہ کربلا حق بات پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق بات پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے جان دے دی لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا، واقعہ کربلا میں صبر، ایثار، حق پر ڈٹ جانے کا سبق پوشیدہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کا غم تاقیامت باقی رہنے والا اثاثہ ہے، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں صبر، برداشت اور قربانی کو قیامت تک کیلئے زندہ کردیا ہے، کربلا کے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتاہے۔

انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام  حسینؓ نے انسانیت کی عظمت اوراسلام کی سربلندی کیلئے لازوال قربانی دی اور حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی لازوال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، شہدائے کربلا کا سفر، جرات اورعظیم قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کوحوصلہ اور ولولہ مہیا کرتی رہیں گی، نواسہ رسول نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اورانسانی اقدار کا تحفظ سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے،  آج یوم عاشور پر ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کااعادہ کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ تاریخ میں شہید زندہ رہتے ہیں جبکہ ظالم کا نام و نشان مٹ جاتا ہے، ظالم مودی نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور بربریت برپا کر رکھی ہے، مودی جمہوری رہنما نہیں، دور حاضر کا یزید بن چکا ہے، مودی سن لے! اسلام کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں شہید جان کی قربانی دے کر کربلا کی کی عظیم ترین روایت کو نبھا رہے ہیں، شہیدوں کا پاکیزہ لہو رنگ لائے گا اور سفاک مودی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer