ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یوم عاشور کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں

یوم عاشور کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42 ) یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں پر  گامزن ہے، عزاداران نوحہ خوانی، ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کر کے حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

قتل حسینؑ اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس رات ساڑھے دس بجے برآمد ہوا، برآمدگی سے قبل سوزوسلام پڑھا گیا، بیلا برادران، قمر عباس، شفقت امانت علی خان اور دیگر نے سوزوسلام پیش کیا جس کے بعد ذاکر سید معزین کاظمی نے مجلس سے خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر امجد علی عابدی نے مصائب بیان کیے اور شہادت سنائی جس کے بعد شبیہ ذوالجناح برآمد ہوئی، ذاکرین شہدائے کربلا اور جانثار ساتھیوں پر ڈھائے مظالم اور مصائب بیان کرتے رہے۔

نثارحویلی سے برآمد ہونے والا  شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، عزاداروں نے غم حسین میں گریہ زاری کی، ہرآنکھ اشکبار ہے اور ہر طرف یاحسینؑ یاحسینؑ کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں، جلوس نثارحویلی، مبارک حویلی چوک نواب صاحب، لال کھوہ، چوہٹہ مفتی باقر، کشمیری بازار سے ہوتا ہوا رنگ محل چوک پہنچ گیا جہاں عزاداران نے نماز ظہرین ادا کی۔

شاہ است حسینؑ،بادشاہ است حسینؑ

دین است حسینؑ،دین پناہ است حسینؑ

رنگ محل چوک میں نمازظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس پھر اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگیا اور قدیمی راستوں گمٹی بازار، پانی والا  تالاب اور دوسو سے زائد چھوٹی بڑی امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا جلوس شام کو اندرون بھاٹی گیٹ پہنچے گا جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی جس کے بعد جلوس کربلاگامے شاہ پہنچ کر آج دس محرم الحرام کو ا ختتام پذیر ہو گا، سارے راستے عزادار گریہ زاری، نوحہ خوانی اور زنجیر زنی کریں گے۔

غریب سادہ و رنگیں ہے داستان حرم

نہایت اس کی حسینؑ ابتدا ہے اسماعیلؑ

 کربلا گامے شاہ میں مرکزی جلوس کے اختتام پر مجلس شام غریباں برپا ہو گی، جلوس کے روٹس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے راستوں پر جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی ہیں،  عزاداروں کو پانی، چائے اور دیگر مشروبات پیش کیے جارہے ہیں جبکہ نذرونیاز کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے، یوم عاشور پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون اور میٹرو بس سروس بند کردی گئی، جبکہ سپیڈو بسیں بھی مرکزی جلوس کے روٹس پر نہیں چلائی جارہی ہیں، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، سیف سیٹز اتھارٹی اور پیرو فورس کے اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ دو کنٹرول رومز بھی بنائے گئے ہیں جہاں جلوس کے تمام راستوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔

 نہ یزید کا وہ ستم رہا نہ وہ ظلم ابن زیاد کا

جو رہا تو نام حسینؑ کا جسے زندہ رکھتی ہے کربلا

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کا فضائی دورہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور انسپکٹر جنرل پولیس بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیر اعلیٰ نے پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں شہر کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات دیکھے۔

آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز، سیکرٹری داخلہ اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر اعلیٰ افسران جلوس کے راستوں کا وزٹ کرنے کے ساتھ تمام انتظامات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں، جلوس آج شام بعد از نماز مغربین اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ آکر الوداع ہو گا۔

Sughra Afzal

Content Writer